Aaj News

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 31 خوارج ہلاک

13 اور 14 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے لکی مروت اور بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں، آئی ایس پی آر
شائع 15 ستمبر 2025 02:04pm

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کیں، یہ کارروائیاں ضلع لکی مروت اور بنوں میں کی گئیں تاہم 2 روز میں مجموعی طور پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گرد مارے گئے۔

ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 17 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

AAJ News Whatsapp

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے، سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیرداخلہ نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائیوں کے دوران 31 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو پوری قوم کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد پاکستان میں کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پروکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر لوئر دیر کے عمومی علاقے لال قلعہ میدان میں آپریشن کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 بہادر سپوتوں نے معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے شہادت کا درجہ حاصل کیا، ان سویلین کو بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے یرغمال بنا رکھا تھا۔

ISPR

security forces

خیبر پختونخوا

Bannu

terrorist killed

lucky marwat

security forces operation

Inter Services Public Relations (ISPR)

Fitnah Al Khawarij

Fitna Al Hindustan