خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 35 دہشت گرد ہلاک، 12 جوان شہید
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھرپور آپریشن کیا، جس میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے جب کہ دونوں آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں بھارتی سرپرست فتنہ الخوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں وطن کے 12 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ انٹیلی جنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بدستور تشویشناک معاملہ ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے دوران فتنتہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہرقسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے مضبوط عزم کی عکاس ہیں، خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، امن کے لیے وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ہمارا فخر ہیں، قوم شہدا کے خاندانوں کا قرض کبھی نہیں اتارسکتی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں افغانستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے ہمارے 12 جری جوان شہید کیے، ان کے جنازوں میں سول اور فوجی قیادت نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن شریک نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف اس جنگ میں کس کے ساتھ ہے، کیا وہ ہمارے جوان بیٹوں کے بھارتی اسپانسرڈ قاتلوں کے ساتھ ہے یا وطن عزیز پر قربان ہونے والوں کے ساتھ ہے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔