Aaj News

بابراعظم اور محمد رضوان ٹیم سے باہر کیوں ہوئے؟ عاقب جاوید نے وجہ بتادی

پاکستان ٹیم میں وہی کھیلے گا جو پرفارم کرے گا، قومی سلیکٹر
شائع 17 اگست 2025 06:05pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے اسٹار بلے باز بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹی 20 اسکواڈ میں نہ ہونے کہ وجہ بتادی۔

ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر لاہور میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ قومی ٹیم میں مواقع کارکردگی کی بنیاد پر ہوتے ہیں، مستقل مزاجی اور کھلاڑیوں کو ان کی فارم کی بنیاد پر مواقع دیے جاتے ہیں، جو کھلاڑی پر فارم کرے گا وہی قومی ٹیم میں ہوگا، کسی کھلاڑی کو رائٹ آف نہیں کررہے، کھلاڑی پر فارم کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پچھلی تین سیریز کا حصہ نہیں تھے جبکہ ان کی جگہ صائم، فخر اور صاحبزادہ فرحان ٹاپ آرڈر میں شامل ہیں اور اوپننگ کررہے ہیںم بابر اور رضوان دیگر کھلاڑیوں کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی 20 کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے، کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو اسپنرز کے خلاف اپنی ٹیکنیک بہتر کرنے کا کہا گیا ہے اور وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی نیشن سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں ہو گی جب کہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابو ظہبی اور دبئی میں منعقد ہو گا۔

babar azam

Pakistan Cricket Team

mohammad rizwan

Baber Azam

asia cup t20

t20 tri series

aqib javed

asia cup 2025