Aaj News

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے

سیکیورٹی کے سخت انتظامات، 4000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں
اپ ڈیٹ 15 اگست 2025 05:47pm

حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں عزاداری کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جبکہ مجالس برپا کی جا رہی ہیں۔ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

ملک بھر میں چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کئی شہروں میں ہائی الرٹ ہے، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل اور بعض مقامات پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

کراچی

کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حسب روایت نشتر پارک سے برآمد ہو کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں، کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 4000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ کو گرومندر سے ٹاور تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

جلوس کے روٹ پر آنے والی گلیاں اور سڑکیں کنٹینرز لگا کر سیل کر دی گئی ہیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کے راستے کی سرچنگ مکمل کرلی ہے۔ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، اور شہر میں متبادل ٹریفک روٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

لاہور

لاہور میں چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ چہلم کے موقع پر لاہور پولیس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب بھر میں 382 مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں، جبکہ لاہور میں 40 مجالس اور 12 جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

پشاور

پشاور میں چہلم کے موقع پر دو ذوالجناح جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس امام بارگاہ آخوند آباد اور دوسرا جامع مسجد کوچہ رسالدار سے سہ پہر تین بجے برآمد ہوگا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے متعلقہ امام بارگاہوں پر اختتام پذیر ہوں گے۔

سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ امام بارگاہ علمدار کربلا میں مجلس بھی برپا کی جا رہی ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو رہا ہے، جلوس کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ایف سی اور دیگر ادارے جلوس کے روٹس پر تعینات ہیں، جبکہ مرکزی مقامات پر واک تھرو گیٹس اور CCTV کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں چہلم کے موقع پر پولیس کے 4000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ شرکاء کی مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 200 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشری پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے دوران سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

سبیلیں، ماتم اور نوحہ خوانی

ملک کے مختلف شہروں میں چہلم کے جلوسوں کے راستوں پر سبیلوں، نیاز اور پانی کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کے ذریعے حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

karachi

اسلام آباد

lahore

chehlum imam hussain