Aaj News

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں بارشوں سے متعلق ہلاکتوں اور نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی

ترجمان کے مطابق مون سون کے دوران کئی مکانات، مویشی اور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا
شائع 17 جولائ 2025 07:43pm

پنجاب میں رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں متاثرہ اضلاع، امدادی کارروائیوں اور حکومتی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق مون سون کے دوران کئی مکانات، مویشی اور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پنجاب میں رواں سال مون سون بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 113 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 398 افراد زخمی ہوئے۔ یہ تفصیلات پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ رپورٹ میں سامنے آئیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلق مختلف حادثات میں 63 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ اموات لاہور میں رپورٹ ہوئیں جہاں 15 شہری جان سے گئے، جبکہ فیصل آباد میں 9، ساہیوال میں 5، پاکپتن میں 3 اور اوکاڑہ میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیراعظم کا این ڈی ایم اے کا ہنگامی دورہ ۔۔ چیئرمین کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مون سون سیزن کے دوران 128 مکانات متاثر ہوئے اور 6 مویشی ہلاک ہوئے۔ زیادہ اموات کچے مکانات، خستہ عمارتوں و چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ مقامی سطح پر ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ حکومتی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد دی جائے گی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

weather update

Urban flooding

rain emergency

HEAVY RAINFALL

PDMA Report

Pakistan Rain

Monsoon 2025

Punjab Floods

Disaster Relief

Casualty Report

Emergency Alert