Aaj News

کراچی چیمبر کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کا بھی ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

جب تک کراچی چیمبر کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے پہیہ جام ہڑتال ہوگی، سربراہ کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2025 05:17pm

ملک کی تمام گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے 19 جولائی کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا اور کراچی گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجروں کے ساتھ ہے، 19 جولائی کو ملک میں کہیں بھی کوئی سپلائی یا کوئی گاڑی نہیں چلے گی، اگر تاجر کہیں گے ہڑتال کا دورانیہ بڑھانا ہے تو ہم ہڑتال کو مزید بڑھائیں گے۔

کراچی چیمبر میں صنعت کاروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کراچی گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن کے صدر ملک شیر خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجروں کے ساتھ ہے، 19 جولائی کو ملک میں کہیں بھی کوئی سپلائی یا کوئی گاڑی نہیں چلے گی، اگر تاجر ہڑتال طویل کرنا کا کہیں تو بھی ہم تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز 19 جولائی کو کراچی چیمبر آف کامرس کی ہڑتال میں شریک ہوں گے، جب تک کراچی چیمبر کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے صدور نے چیمبر کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، فنانس بل میں سیلز ایکٹ کی شقوں 37 اے اور بی کے خلاف ہڑتال سے متعلق ٹرانسپورٹرز نے کراچی چیمبر کی حمایت کی۔

صدر سرحد چمبر آف کامرس کا 19 جولائی احتجاج کی حمایت کا اعلان

دوسری جانب صدر سرحد چمبر آف کامرس نے 19 جولائی احتجاج کی حمایت کا اعلان کردیا، وفاقی حکومت کے نئے ٹیکسز کسی صورت قبول نہیں، ظالمانہ قوانین کے خلاف 19 جولائی کو ہونے والے ہڑتال خیبر پختونخوا کے تاجر بھر پور شرکت کریں گے۔ صدر سرحد چمبر آف کامرس فضل مقیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی کو ملک بھر میں ظالمانہ قوانین کے خلاف ہڑتال ہوگا۔

سرحد چمبر آف کامرس نے نئے ٹیکس قوانین کو مسترد کردیا، فضل مقیم خان نے کہا کہ نئے ٹیکس قوانین نا قابل قبول ہے، جابرانہ اور غیر اخلاقی ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، وفاق نے فنانس ایکٹ میں ہمارے تجاویز کو نظر انداز کیا، موجودہ بجٹ غیر منصفانہ ہے۔

صدر سرحد چمبر آف کامرس نے مزید کہا کہ صنعتوں اور کاروبار سے متعلق فیصلے بند کمروں میں کیے جاتے ہیں، ایف بی آر کے آفسران کو بے انتہا اختیارات دیے گئے ہیں، بلاوجہ تاجروں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے، تیار کردہ سافٹ ویئر زبردستی تاجروں پر بیجا جا رہا ہے۔

فضل مقیم خان کا کہنا تھا کہ نئے قانون کے تحت معمولی غلطی پر تاجر کا رجسٹریشن منسوخ کرنا شامل ہے، نئے قانون کے تحت معمولی غلطی پر تاجر گرفتار ہوسکیں گا، پاکستان میں 40 فی صد فائلر ہیں اور 60 فی صد نان فائلر ہی، ملک میں ٹیکس دینے والوں کے لئے کوئی مراعات نہیں، وفاقی حکومت کی رویئے کی وجہ سے سرمایہ گار ملک سے چلے جائیں گے۔

Strike

goods transporters

goods transporters strike