Aaj News

لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے متعلق مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں

عمارت پلاٹ نمبر 136 شیٹ نمبر ایل وا 18 پر عمارتیں تعمیر کی گئی تھی، متن
شائع 10 جولائ 2025 06:06pm

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کے درج کیے گئے مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں، جس کے مطابق عمارت پلاٹ نمبر 136 شیٹ نمبر ایل وا 18 پر عمارتیں تعمیر کی گئی تھی جبکہ 1986 میں مالک نے 527 گز کے پلاٹ پر 5 منزلہ 2 عمارت تعمیر کیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت کے حوالے سے درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن سے کئی اہم انکشافات ہوئے ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق گرنے والی عمارت پلاٹ نمبر 136 شیٹ نمبر L-Y/18 پر تعمیر کی گئی تھی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 1986 میں پلاٹ مالک نے 527 گز کے پلاٹ پر 5 منزلہ 2 عمارتیں تعمیر کی تھیں۔

مقدمے کے مطابق عمارت عرصے سے خستہ حال تھی اور رہائش کے قابل نہیں رہی تھی، اس میں 20 فلیٹس تعمیر کیے گئے تھے۔

متن میں بتایا گیا کہ 2002 میں عمارت کی خستہ حالی سے متعلق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران کو آگاہ کیا گیا تھا تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہ کی گئی، عمارت کے گرنے کے نتیجے میں افسوسناک طور پر 27 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی کا ذمہ دار قرار دیے جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ بغدادی کے علاقے میں عمارت گرنے کا واقعہ 4 جولائی کو پیش آیا تھا جس میں 27 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

2 روز قبل وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا تھا کہ حادثات کے پیش نظر کراچی میں انتہائی خستہ 51 عمارتوں میں سے 11 کو خالی کروایا گیا ہے، مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش دینا حکومت کے لیے ممکن نہیں، کچھ خاندانوں کو عارضی رہائش دے سکتے ہیں۔

سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

Lyari Building Collapsed

old buildings

Layari incident

Karachi Building Collapse

Lyari Incident