Aaj News

ایم کیو ایم کو کراچی کی اتنی فکر ہے تو بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں لڑا، شرجیل میمن

صوبے بھر میں 93,118 اساتذہ بھرتی کیے ہیں، ان اقدامات کی بدولت 5,000 بند اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں، سینئرصوبائی وزیر
اپ ڈیٹ 03 جولائ 2025 06:17pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

سندھ کے سینئر وزیرشرجیل میمن نے ایم کیوایم اور جماعت اسلامی پر وار کرتتے ہوئے نیوزکانفرنس میں کہا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کی اتنی فکر ہے تو بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں لڑا۔ جماعت اسلامی کو صرف تنقید کرنا آتی ہے۔

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات، چنگچی رکشوں پر پابندی، اساتذہ کی بھرتی، ماحولیاتی اقدامات اور سیاسی مخالفین کے بیانیے پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے سخت سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 1,440 پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں جبکہ پورے سندھ میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کے لیے 49,662 پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

شرجیل میمن کے مطابق حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ محرم الحرام پر امن اور احترام کے ساتھ گزرے۔

پریس کانفرنس میں وزیرِ اطلاعات نے چنگچی رکشوں پر عائد پابندی پر بھی وضاحت پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے تاہم یہ پابندی پورے شہر پر لاگو نہیں بلکہ صرف 11 مرکزی شاہراہوں پر نافذ کی گئی ہے، تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی قانون کے دائرے میں رہ کر فیصلے کرتی ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مشکل فیصلے کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی تعلیمی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 93 ہزار سے زائد اساتذہ کو شفاف طریقے سے بھرتی کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ ہزار سے زائد بند اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور اب وہ اساتذہ اپنی تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بچوں کو تعلیم سے دور رکھنے والی رکاوٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے، اور اب اساتذہ کی کمی مکمل طور پر دور ہو جائے گی۔

ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان میں صرف پیپلزپارٹی نے اس مسئلے پر سنجیدگی سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینگرووز کی شجرکاری، ماحول دوست مکانات کی تعمیر، اور بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر ماحول سے متعلق کاوشیں پارٹی کی سنجیدگی کا ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا ماحولیاتی تبدیلی پر سوچ رہی تھی، پیپلزپارٹی نے پہلے ہی عملی اقدامات اٹھا لیے تھے۔

اپوزیشن جماعتوں پر تنیقد

پریس کانفرنس کے اختتام پر شرجیل میمن نے اپوزیشن جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس صرف تنقید کا ہنر ہے، جبکہ انہوں نے خود کبھی کراچی کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا۔

ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ واقعی کراچی کے خیرخواہ ہوتے تو بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرتے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو بھی ہدفِ تنقید بنایا اور کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی اپوزیشن کا سامنا نہیں کیونکہ وہ خود ہی اپنی اپوزیشن ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی اور پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔

security

sindh

police

press conference

Muharram ul Haram

Sharjeel Memon

karachii