Aaj News

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور ریکارڈ قائم، انڈیکس 1 لاکھ 31 ہزار کی سطح چھو گیا

اسٹاک ایکسچین میں گزشتہ روز کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا
شائع 03 جولائ 2025 11:26am

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، اور جمعرات کے روز کاروبار کے ابتدائی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 31 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر گیا ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس دن کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 31 ہزار325.10 پوائنٹس تک پہنچا۔ صبح 10 بج کر 50 منٹ پر انڈیکس 1 لاکھ 30 ہزار 745.75 پوائنٹس پر ٹریڈ ہو رہا تھا، جو کہ گزشتہ بندش کے مقابلے میں 401.72 پوائنٹس یا 0.31 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

کاروباری سرگرمیوں میں خاص طور پر توانائی کے شعبے میں تیزی دیکھی گئی، جہاں او جی ڈی سی (OGDC)، ماری (MARI)، پی پی ایل (PPL)، پی ایس او (PSO) اور وافی (WAFI) جیسے بڑے حصص مثبت زون میں ٹریڈ کرتے نظر آئے۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اس ریکارڈ ساز تیزی کی وجہ اداروں کی جارحانہ خریداری، مضبوط مالیاتی نتائج کی توقعات اور ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری ہے۔

گزشتہ روز (بدھ کو) بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار 1 لاکھ 30 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 2,144 پوائنٹس یا 1.67 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 30 ہزار 344 پر بند ہوا، جو مارکیٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔

مارکیٹ کے ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں انڈیکس مزید بلند سطحوں کو چھو سکتا ہے، جو ملکی معیشت میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔

PSX

economy

100 index

Pakistan Stock Exchange (PSX)

karachii