Aaj News

’ایرانی جوہری پروگرام مکمل تباہ کیا گیا‘: ٹرمپ اور امریکی وزیر دفاع کی سی این این رپورٹ پر کڑی تنقید

مبینہ تجزیہ صدر ٹرمپ کو رسوا کرنے کی کوشش ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس
شائع 25 جون 2025 07:48am

امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران پر حالیہ امریکی بمباری کے نتائج سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کی شدت اور کامیابی کو کم تر دکھانے والے درحقیقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی کامیابی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ”سی این این“ کی جانب سے شائع کی گئی ابتدائی انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران میں بمباری سے جوہری تنصیبات کا بنیادی ڈھانچہ تباہ نہیں ہوا، اور نہ ہی جوہری پروگرام کے اہم مواد کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حملوں نے صرف ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو چند ماہ کے لیے پیچھے دھکیل دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا سی این این پر شدید ردعمل، ’فوجیوں سے معافی مانگو‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کو ”فیک نیوز“ قرار دیتے ہوئے اپنے ہی ملک کے مؤقر نشریاتی ادارے سی این این پر شدید تنقید کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا، وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور سب اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف جعلی خبریں ہی اس کے برعکس کوئی دعویٰ کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’سی این این کو ہمارے بہادر فوجیوں سے معافی مانگنی چاہیے جنہوں نے یہ انتہائی مشکل اور کامیاب مشن سرانجام دیا۔‘

مبینہ تجزیہ صدر ٹرمپ کو رسوا کرنے کی کوشش ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجزیہ جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ معلومات انتہائی خفیہ تھیں اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے ایک نچلے درجے کے نامعلوم فرد کی جانب سے سی این این کو لیک کی گئیں۔

ایران کے شہید قرار دئے گئے اعلیٰ جنرل اسماعیل قاآنی منظرعام پر آگئے

ترجمان کے مطابق اس لیک کا مقصد صدر ٹرمپ کو بدنام کرنا اور ان امریکی فضائیہ کے پائلٹس کی شجاعت کو کم کرنا ہے جنہوں نے ایران کے ایٹمی خطرے کو ختم کر کے قوم کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔

’’اسرائیل پائلٹس فوری واپس بلائے، بم گرانا بند کرے،“ امریکی صدر اسرائیل پر برس پڑے

امریکی وزیردفاع اور وائٹ ہاؤس دونوں نے اس موقف پر زور دیا کہ حالیہ فضائی کارروائی ایک کامیاب اور فیصلہ کن فوجی اقدام تھا، جس نے ایران کے جوہری پروگرام کو مؤثر انداز میں تباہ کر دیا ہے، اور اس کی باقیات مستقبل میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں رہیں۔

white house

US State Department

Iran Israel War

Iran Israel Tension

Iranian Nuclear Sites

pete hegseth

President Donald Trump

karoline leavitt

US attack on Iran

Iran Israel Ceasefire

CNN Report on Iran Attack