Aaj News

بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا، وزیراعظم شہباز شریف

تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا، وزیراعظم
شائع 11 جون 2025 02:46pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں عام آدمی پر کسی قسم کا اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، جب کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔

وزیرِاعظم نے اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا 124,000 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچنا کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر آ چکا ہے، اور یہ ایک معاشی معجزہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اب پوری قوم کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے اور موجودہ معاشی بحالی کو تاریخ میں ایک مثالی موڑ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

economy

tax

PM Shehbaz Sharif

relief

Pakistan Stock Exchange (PSX)

Budget 2025 2026