Aaj News

کمرشل جائیدادوں، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر عائد 7 فیصد ایکسائز ڈیوٹی ختم

10 مرلہ تک گھروں اور 2000 مربع فٹ کے فلیٹس پر ٹیکس کریڈٹ کا اعلان, ملک میں پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا
شائع 11 جون 2025 12:23pm

وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں کارپوریٹ سیکٹر اور ریئل اسٹیٹ سے وابستہ عوام کو بڑا ریلیف دے دیا۔ بجٹ میں کمرشل جائیدادوں، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر عائد سات فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ختم کر دی گئی ہے، جبکہ 10 مرلہ تک گھروں اور 2000 مربع فٹ کے فلیٹس پر ٹیکس کریڈٹ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

حکومت نے کارپوریٹ سیکٹر پر عائد سپر ٹیکس میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سالانہ 20 سے 25 کروڑ روپے آمدنی رکھنے والے اداروں کے لیے سپر ٹیکس میں 0.5 فیصد کمی کی گئی ہے۔

اسی طرح جائیداد کی خریداری پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ پہلی سلیب میں ٹیکس کو 4 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد، دوسری سلیب میں 3.5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد اور تیسری سلیب میں 3 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔

حکومت نے مورگیج فنانسنگ کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی کو کم کر کے صرف 1 فیصد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے بعد ملک میں پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس سے متوسط طبقہ فائدہ اٹھا سکے گا۔ دوسری جانب، نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیوں پر ٹیکس کم ہونے کا امکان ہے، اور ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بھی اس پالیسی پر رضا مند ہو چکا ہے۔

Budget 2025 26

Budget 2025 2026

Federal Excise Duty On Properties

Tax Credit