Aaj News

وفاقی بجٹ عوام کے لیے ڈراؤنا خواب ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

مہنگائی کی شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، بیرسٹر سیف
شائع 11 جون 2025 12:08pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبرپختونخوا کے سابق مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے جعلی حکومت کا جعلی ریلیف قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر محض دکھاوے کا ریلیف دیا گیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے بجٹ کو غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب قرار دیا اور کہا کہ پٹرول اور بجلی پر ٹیکسوں میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر فوری طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑتا ہے، جس سے عوام کی مشکلات دوچند ہو جاتی ہیں۔ مزید برآں، حکومت کی جانب سے توانائی کے متبادل ذرائع جیسے سولر پینلز پر بھی ٹیکس عائد کر دینا قابل افسوس ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا، اب سولر پینلز بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ، اور متبادل ذرائع پر ٹیکس عوام جائیں تو کہاں جائیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بجٹ غریب عوام کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فئیر اپارٹمنٹ میں پیش کیا جاتا۔

KPK

Barrister Muhammad Ali Saif

Budget 2025 26