Aaj News

بجٹ کے فوراً بعد اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا

کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار 352 پوائنٹس پر بند ہوا
اپ ڈیٹ 11 جون 2025 04:55pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ 2025-26 پیش کئے جانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت معاشی اشاریوں کے باعث زبردست تیزی دیکھی گئی۔100انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا، مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا سلسلہ دیکھا گیا، سرمایہ کاروں نے بجٹ میں ٹیکس کی شرح میں ردوبدل نہ کرنے پر شیئرز کی خریداری کو ترجیح دی، جس سے 100 انڈیکس میں 2 ہزار328 پوائنٹس اضافہ ہوا، کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار352 پوائنٹس پر بند ہوا۔

صبح 11 بجے کے قریب کے ایس ای 100 انڈیکس 2,101.80 پوائنٹس (1.72 فیصد) اضافے کے ساتھ 124,126.24 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں آٹو موبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور پاور جنریشن کے شعبوں میں زبردست خریداری دیکھنے میں آئی۔ انڈیکس میں وزنی شیئرز جیسے کہ ہبکو، پی ایس او، واپفی، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل مثبت زون میں ٹریڈ کر رہے تھے۔

پنجاب کا بجٹ: نیا ٹیکس نہ لگانے کی تجویز، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق کے مطابق، مارکیٹ میں یہ تیزی اس وجہ سے دیکھی گئی کیونکہ حکومت نے ٹیکس نظام میں کوئی ”بڑا رد و بدل“ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”کیپیٹل گین ڈیوڈنڈز 15 فیصد کی موجودہ شرح پر برقرار رکھے گئے ہیں۔“

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو قومی اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا، جس کا مجموعی حجم 17.573 ٹریلین روپے رکھا گیا ہے۔ حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا ہے، جو کہ رواں مالی سال کے 2.7 فیصد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

وزیر خزانہ نے بجٹ کو ایک ایسی حکمت عملی کی شروعات قرار دیا جس کا مقصد معیشت کو برآمدات کے ذریعے مضبوط بنانا اور اقتصادی نظام کی بنیادی ساخت میں تبدیلی لانا ہے۔

آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد رکھا گیا ہے جبکہ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 3.9 فیصد یعنی 5,037 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پرائمری سرپلس کا ہدف 2.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے بجٹ کردہ 2 فیصد سے زیادہ ہے۔

عالمی سطح پر بھی بدھ کو اسٹاک مارکیٹس اور امریکی ڈالر نے امریکہ-چین تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں کا محتاط خیر مقدم کیا۔ مذاکرات کاروں نے ایک تجارتی فریم ورک پر اتفاق کیا ہے جو ان کے رہنماؤں کو پیش کیا جائے گا، تاہم اس پر عمل درآمد کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

ادھر امریکہ میں مہنگائی کے اعداد و شمار اور ٹریژری بانڈز کی نیلامی پر سرمایہ کاروں کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ جاپان کے نکئی انڈیکس میں 0.4 فیصد اور آسٹریلوی اسٹاکس میں بھی 0.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ MSCI کا ایشیا پیسفک انڈیکس بھی 0.2 فیصد بڑھا۔

وفاقی بجٹ: تنخواہوں، پنشن میں اضافہ، انکم ٹیکس میں کمی، پراپرٹی پر ریلیف اور سولر پینل پر ٹیکس عائد

ماہرین کے مطابق یہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی ملکی معیشت میں بہتری کی توقعات، حکومتی معاشی پالیسیوں، اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ مارکیٹ میں نمایاں تیزی کے دوران بینکنگ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری دیکھی گئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔ دوسری جانب سرمایہ کاروں میں مثبت جذبات کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

PSX

karachi

100 index

Pakistan Stock Exchange (PSX)