Aaj News

پانی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے، ایک ایک قطرے پر پاکستانیوں کا حق ہے، وزیراعظم

فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو وہ سبق سیکھایا کہ قیامت تک یاد رکھے گا، شہباز شریف کا پشاور میں جرگے سے خطاب
شائع 03 جون 2025 10:29pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پانی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے، ایک ایک قطرے پر پاکستانیوں کا حق ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو وہ سبق سیکھایا کہ وہ قیامت تک یاد رکھے گا، مودی حکومت شکست کے زخم چاٹ رہی ہے، 4 ممالک کا دورہ کرکے آیا ہوں وہ پاکستان کی جیت پر خوش ہیں، قوم متحد ہے ہمیں کڑے فیصلے کرنے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے اہم قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت اور قبائلی عمائدین شریک ہیں۔

پشاور میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جرگے میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، جرگے کے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل سننے کے لیے آیا ہوں، یہاں کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے، جس نے 1947 کے ریفرنڈم میں پاکستان کا ساتھ دیا، خیبرپختونخوا کےعوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا دلیر اور غیور لوگوں کی سرزمین ہے، خیبرپختونخوا پولیس کو جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہے، خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فنڈز ملتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے اور جرگہ سسٹم کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

شہباز شریف نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دی جائے گی، 2010 میں این ایف سی کا ایجنڈا خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی تھا، 2010 سے اب تک خیبرپختونخوا کو انسداد دہشت گردی کی مد میں 700 ارب روپے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 مئی کو بھارت نے حملہ کرکے ہمارے لوگوں کو شہید کیا، بھارت نے دھمکی دی کہ پاکستان کا پانی بند کردیں گے، بھارت یاد رکھے کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے، مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو وہ سبق سیکھایا کہ جو قیامت تک نہیں بھولے گا، مودی حکومت شکست کے زخم چاٹ رہی ہے، 4 ممالک کا دورہ کرکے آیا ہوں وہ پاکستان کی جیت پر خوش ہیں، قوم متحد ہے ہمیں کڑے فیصلے کرنے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ پشاور کا اعلامیہ جاری

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ پشاور کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری حکام موجود تھے، دورے کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال کیا۔

اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم نے پشاور میں قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک گرینڈ جرگے سے خطاب کیا، اس جرگے میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نامور قبائلی مشران نے شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پختون عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے امن و استحکام کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں۔

اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ قبائلی عوام کو فتنہ الخوارج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا اور حکومت اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے باور کروایا کہ خیبرپختونخوا میں امن ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا اور امن کی قیمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے افغانستان سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے پاک فوج، ایف سی، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور وہ معاشرتی ہم آہنگی، ترقی اور امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں۔

گرینڈ جرگے میں شریک قبائلی مشران نے اجلاس کو بروقت اور اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی کامیابی پر مبارکباد دی اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور کور کمانڈر پشاور نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

Jirga

PM Shehbaz Sharif

PM SHAHBAZ SHARIF

Army Chief Asim Munir

Gen Asim Munir

field marshal

Field Marshal Asim Munir

Peshawar Jirga