Aaj News

پاکستان نے بھارت کے 4 رافیل طیارے گرائے، 10 مئی کو 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، وزیراعظم

پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت نے تحقیقات کی بجائے الٹا پاکستان پر حملہ کردیا، سینئر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو
شائع 02 جون 2025 09:02pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے، 10 مئی کو بھارت سے 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت نے تحقیقات کی بجائے الٹا پاکستان پر حملہ کردیا۔

سینئر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے گرائے، پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے، پاکستان نے 10 مئی کو بھارت سے 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، اب بھارت پاکستان پر دوبارہ حملے نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت کو پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے تحقیقات کی پیشکش قبول کرنے کے بجائے الٹا حملہ کردیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ 10 مئی کی رات بھارتی میزائل حملے سے قبل ہی ہم جوابی حملے کا فیصلہ کر چکے تھے، بھارتی رویے نے کئی ممالک کو پاکستان کے لیے نیوٹرل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے لیے پاکستان تیار ہے، ملاقات کے معاملے پربھارت لت ولعل سے کام لے رہا ہے، مودی کے شکست خوردہ بیانات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر بھارت سے بیٹھ کر بات کریں گے، تجارت اور دہشت گردی کے مسئلے پر بھی گفتگو کے لیے تیار ہیں، کشمیر کے بغیر بھارت سے بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجٹ کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت کامیاب ہوگئی ہے، حکومت نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے، اب معاشی ترقی کا سفر طے کریں گے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

PM SHAHBAZ SHARIF

India Pakistan War

Pakistan India Clash 2025

pak india Ceasefire