Aaj News

دہشتگرد اغیار کے ایجنٹ ہیں، ان کے عزائم کو مل کر ناکام بنانا ہے، وزیراعظم کا کوئٹہ گرینڈ جرگے سے خطاب

بھارت کی مسلط کردہ جنگ پر منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ہم نے 1971 کا بدلہ لے لیا، کوئٹہ میں گرینڈ جرگے سے خطاب
اپ ڈیٹ 31 مئ 2025 09:09pm
Armed Forces Guard Pakistan’s Sovereignty, PM Shahbaz Says -Aaj News

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ پر منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ہم نے 1971 کا بدلہ لے لیا۔ یہ مختصرترین مگر خطرناک جنگ تھی۔ دہشت گرد خون کے پیاسے اور اغیار کے ایجنٹ ہیں۔ ان کے ہتھکنڈوں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔ انھوں نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کا وسیع علاقہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کا متقاضی ہے، آئندہ ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کو 25 فیصد فنڈز دیں گے۔

کوئٹہ میں وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، منہ توڑ جواب دیا گیا۔ دشمن کو ایسا جواب ملا جسے وہ بھول نہیں سکے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے جرگے سے خطاب میں کہا کہ کشیدہ صورتحال کے دوران قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، یہ جنگ مختصر لیکن انتہائی خطرناک تھی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مثالی قیادت کا مظاہرہ کیا، عسکری قیادت نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا، ہم نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لے لیا ہے۔

بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس صورتحال سے دشمن قوتیں خائف ہو گئی ہیں، پاکستان کی کامیابی سے دوستوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں کی طرح پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا۔

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی، وزیراعظم

انھوں نے خطاب میں یہ کہا کہ بلوچستان کے عمائدین بتائیں کون سی خرابیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان کے جو لوگ بھٹک کر پٹری سے اتر گئے ہیں، انہیں واپس لانے کی کوشش کرنی چاہیے، دہشت گرد خون کے پیاسے ہیں وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے، دہشت گرد دشمنوں کے ایجنٹ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، باہمی معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے ہیں، دہشت گرد عناصر ترقی کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، ان عناصر کے عزائم کو مل کر ناکام بنانا ہے، 2010 میں متفقہ این ایف سی ایوارڈ منظور ہوا۔ این ایف سی ایوارڈ میں اس وقت کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔

بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ملک کے مجموعی ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ کا ایک چوتھائی ہوگی، کوشش ہونی چاہیے ترقیاتی پروگرام کے یہ فنڈز شفافیت کے ساتھ خرچ ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کیلئے متعدد منصوبے شروع کیے، ٹیوب ویلزکی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے وفاق 70 ارب روپے فراہم کر رہا ہے۔ خونی شاہراہ کے نام سے مشہور این 25 کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا۔

انھوں نے جرگے سے خطاب میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے فنڈز این 25 کیلئے مختص کیے، بلوچستان کا وسیع علاقہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کا متقاضی ہے، آئندہ ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کو 25 فیصد فنڈز دیں گے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پنجاب نے اپنے حصے سے بلوچستان کیلئے فنڈز فراہم کیے، بلوچستان کیلئے فنڈز کی فراہمی کوئی احسان نہیں، وفاقی اکائیاں بھائیوں کی طرح ہیں، مل کر آگے بڑھنا ہے، قومی یکجہتی کیلئے فنڈز کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

وزیراعلٰی بلوچستان کا خطاب

کوئٹہ میں بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ معرکہ حق میں عظیم کامیابی پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، بلوچستان کے عوام نے بھی کامیابی پرخوشی منائی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ این 25 کی اپ گریڈیشن کےاعلان پر وفاق کے شکر گزار ہیں، گرین بلوچستان کے تحت اقدامات بھی قابل ستائش ہیں، کچھی کینال منصوبے کی تکمیل سرسبز بلوچستان کیلئے اہم ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے خطاب میں کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں، یہ عناصر بیرونی آقاؤں کی ایماء پر کارروائیاں کرتے ہیں۔

کوئٹہ میں منعقدہ بلوچستان گرینڈ جرگے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، بلوچستان کی قیادت، وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی شریک تھے۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور فیکلٹی اور فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے بنیان مرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا۔

quetta

Jirga

Law and Order

Visit

PM SHAHBAZ SHARIF

pm visit

Field Marshal Asim Munir

Balochistan Grand Jarga