Aaj News

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے، عطا تارڑ

عطا تارڑ نے خضدار میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے ورثا سے ملاقات کی اور اظہارِ تعزیت کیا۔
اپ ڈیٹ 23 مئ 2025 02:29pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خضدار میں دہشتگردی کے المناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے ورثا سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔

عطا تارڑ نے شہدا کے لواحقین کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن کے حملے میں بھی شہدا کے اہل خانہ نے جس صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک شہدا کے ورثا میں ایسا جذبہ زندہ ہے، ملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ دہشتگردوں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

وزیر اطلاعات نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور معصوم جانوں کے خون کا ہر قیمت پر حساب لیا جائے گا۔

پاکستان کے بچوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا، 10 مئی کو بھارتی حملے کے دن ہی بلوچستان میں 30 مقامات پر حملے روابط ظاہر کرتے ہیں، ہم واحد قوم ہیں جس کے بچوں نے بھی قربانیاں دی ہیں جس نے بچوں پرہاتھ ڈالا، انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں اور ان معصوم جانوں کی قربانی کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ 10 تاریخ کو بھارت نے دوبارہ حملے کیے اور اسی روز بلوچستان میں 30 مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جو ایک منظم اور مربوط کارروائی کا حصہ تھے۔ ان کے مطابق اسکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ’چاہے اے پی ایس کا واقعہ ہو، بھارتی جارحیت ہو یا بلوچستان میں حالیہ حملے، ہماری قوم نے ہر محاذ پر قربانیاں دیں۔‘

عطا تارڑ نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں فتنہ ہندوستان کے عناصر کے انٹرویوز دکھائے جا رہے ہیں، جو دراصل دہشتگردوں کی پشت پناہی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’یہ واضح پیغام ہے کہ انہوں نے بچوں پر ہاتھ ڈالا ہے ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں کا پختہ عزم ہے کہ ’فتنہ ہندوستان‘ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ عطا تارڑ کے مطابق خضدار دھماکے کا حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

بلوچستان

terrorist attack

Interview

Indian Aggression

Aata ullah Tarar

Pakistan India Clash 2025

Indian Proxies

Indian terror proxies

فتنہ ہندوستان

Fitna Hindustan