Aaj News

پاکستان، بھارت میں دیرینہ مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشتگردی ہورہی ہے، امریکا

امریکا کی مدد نے پاک بھارت جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا جو خوش آئند ہے، ٹیمی بروس کی میڈیا بریفنگ
شائع 23 مئ 2025 08:30am

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت میں دیرینہ مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشت گردی ہورہی ہے، اس وقت پاکستان اور بھارت میں سیز فائر ہے، جنگ رکوانے میں امریکا نے مدد کی، اسرائیل اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہا ہے، واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی عملے پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دہشت گردی اور تشدد کے واقعات پرعمومی تشویش پائی جاتی ہے، اس وقت پاکستان اور بھارت میں سیز فائر ہے، امریکا نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں مدد کی، جانتے ہیں پاکستان اور بھارت مکمل جنگ شروع کرنے کے بہت قریب تھے، امریکا کی مدد نے پاک بھارت جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا جو خوش آئند ہے۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ جنگ بندی سے طویل مدتی مسائل کے حل ہونے کی صلاحیت واپس آگئی، اچھی خبر یہ ہے دوسرے خطوں کے برعکس جنگ بندی کاعہد کیا گیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہا ہے، غزہ میں امداد جا رہی ہے، واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی عملے پر حملے کی تحقیقات جاری ہے، یہودیوں کو صدیوں سے مظالم کا سامنا ہے، اس طرح کی کارروائیوں کو اب ختم ہونا چاہیئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا پانچواں دور ہو رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

Israel

Gaza

US State Department

Israel Gaza War

Tammy Bruce

Pakistan India Clash 2025

pakistan india war

pak india Ceasefire