Aaj News

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ: معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا

وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارلحکومت میں 21،21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا
اپ ڈیٹ 16 مئ 2025 10:12pm

معرکہ حق آپریشن “ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ“ میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور بھارت کے خلاف عظیم فتح کے اعتراف میں ملک بھر میں آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور استحکام پاکستان، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی۔

ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں

ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مساجد میں علمائے کرام، عوام الناس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ و دفاع کے عزم کو دہرایا۔

نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں معرکہ بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔

علما کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ان کا نصب العین ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی

معرکہ حق آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں یومِ تشکر کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی گھن گرج سے ہوا، جس نے پوری قوم کے دلوں میں فخر، عزم اور ملی یکجہتی کی نئی روح پھونک دی۔ اسی طرح لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے یومِ تشکر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔

افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، صدر، وزیراعظم

اس موقع پر پاک فوج کے چاق چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، اور ملک کے دفاع کے عہد کو ایک بار پھر دہرایا۔ جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر ناپاک نظر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پاکستان کی فضائیں ”نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر“، ”پاکستان زندہ باد“ اور ”افواجِ پاکستان پائندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے توپوں کی سلامی کے مناظر دیکھے اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

معرکہ حق/ یوم تشکر، پاک فضائیہ کے شاندار تقریبات

معرکہ حق/ یوم تشکر کے سلسلے میں پاک فضائیہ کے زیراہتمام یوم تشکر کی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بھی 16 مئی کو یوم تشکر شایان شان طریقے سے کیا گیا۔ یوم تشکر کی پاک فضائیہ کے مختلف بیسز پر تقریبات منعقد ہوئیں۔

پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کورنگی کراچی میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپورمیں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ پی اے ایف بیس بڈھ بیر پشاور اور ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔

پاک فضائیہ کی جانب سے شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ شاہینوں کو بھارتی جاریت کیخلاف منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

کراچی میں مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب

کراچی میں مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

لاہور میں بھی مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب

لاہور میں بھی مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی ۔ انہوں نے مزار اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے بہادری سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وطن کا دفاع ہر پاکستان کا اولین فریضہ ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے یوم تشکر پر گورنر ہاؤس پشاور میں پرچم لہرایا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہاؤس پشاور میں پرچم لہرایا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہندوستان بہت چیخ رہا تھا مگر اس کو مؤثر جواب دیا گیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے ایٹمی طاقتوں کی لڑائی دنیا برداشت نہیں کر سکتی۔

معرکہ حق میں شاندار فتح پر یوم تشکر: شہدا کے مزارات پر پروقار تقاریب

معرکہ حق میں شاندار فتح پر یوم تشکر کے موقع پر شہدا کے مزارات پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

میجرعزیز بھٹی شہید نشان حیدر، میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر اور میجرشبیرشریف شہید نشان حیدر کے مزار پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جبکہ شہدا کو سلامی دی گئی اور پھول رکھے گئے۔

کیپٹن کرنل شیرخان شہید نشان حیدر اور کیپٹن سرور شہید نشان حیدر کی یادگار پر پھول رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی، مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

شہدا کے بلند درجات کے لیے دعائیں کی گئیں۔ ملک وقوم کی سلامتی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اسکردو کے طلبہ کا افواجِ پاکستان کو نغمے کے ذریعے شاندار خراجِ تحسین

معرکہ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے نوجوان بھی جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ اسوہ بوائز اسکول سکردو کے طلبہ نے یومِ تشکر کے موقع پر ایک پُراثر نغمے کے ذریعے افواجِ پاکستان سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

دشمن نے پاکستان کو دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دیں گے، وزیراعظم

طلبہ کی جانب سے پیش کردہ نغمے کے بول ”میرے وطن یہ عقیدتیں، وطن پر قربان“ نے تقریب میں موجود تمام سامعین کے دل جیت لیے۔ یہ نغمہ صرف ایک فنکارانہ اظہار نہیں بلکہ پاک فوج کے ساتھ عوامی وابستگی، محبت اور فخر کا بھرپور عکاس تھا۔

اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور والدین نے طلبہ کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ یہ نوجوان نسل کا اپنے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا منفرد اور خوبصورت انداز ہے۔

یومِ تشکر کے سلسلے میں ہونے والی اس تقریب نے واضح کر دیا کہ پوری قوم، بشمول گلگت بلتستان کے نوجوان، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے متحد ہیں۔

شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران کا خصوصی جرگہ، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر شمالی وزیرستان کے غیور قبائلی عوام نے وطن سے والہانہ محبت اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔

میرانشاہ میں منعقدہ اس جرگے میں قبائلی مشران، عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، جبکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ میجر جنرل عادل افتخار مہمانِ خصوصی تھے۔

میجر جنرل عادل افتخار نے قبائلی عوام کی جرات، تعاون اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں قبائلی عوام کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

جرگے کے شرکا نے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شہدا، خصوصاً آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لیے دعا کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے اللہ تعالیٰ سے رجوع کیا۔

شرکا نے واضح کیا کہ غیور قبائلی عوام اپنی درخشاں روایات کے مطابق ہر محاذ پر وطن کا دفاع کرنے والی فوج کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک بار پھر پیغام دے دیا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عوام مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔

اس موقع پر شرکا نے اعلان کیا کہ افواجِ پاکستان کی فتح پر شمالی وزیرستان بھر میں جشن منایا جائے گا اور خصوصی ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یومِ تشکر پر شہید میجر ذکا کے اہل خانہ کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر منایا گیا، اس موقع پر قوم کے عظیم سپوت میجر ذکا شہید کے اہل خانہ نے مسلح افواج کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جذبۂ حب الوطنی سے لبریز پیغامات دیے۔

یاد رہے کہ میجر ذکا شہید نے 2012 میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔

میجر ذکا کے والد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، میرا بیٹا وطن پر قربان ہوا، مجھے آج اس کی قربانی پر فخر ہے۔ بھارت کی حالیہ شکست پر بے حد خوشی ہوئی۔ مودی نے جہاز تو خرید لیے، مگر پاک فوج جیسا جذبہ کہاں سے لائے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان جذبۂ شہادت سے سرشار ہیں، اور ان کا حوصلہ دشمن کے ہر ہتھیار سے بلند ہے۔

میجر ذکا شہید کی والدہ نے بھی جذباتی انداز میں کہا، جیسے ہی مسلح افواج کی فتح کی خبر ملی، میں نے سجدۂ شکر ادا کیا۔ میں ہمیشہ سے دشمن کی شکست اور پاکستان کی سر بلندی کی دعائیں کرتی رہی ہوں۔

پنجاب اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کی تاریخی جیت پر یوم تشکر

لاہور میں پنجاب اسمبلی میں بھارت کی جنگی جارحیت کےخلاف پاکستان کی تاریخی جیت پر یوم تشکر منایاگیا، شرکا نے قومی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اورکیک بھی کاٹا۔ شہر میں مخلتف اداروں اورجماعتوں سمیت سول سوسائٹی کیجانب سے بھی یوم تشکرکی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔

مرکزی مسلم لیگ کیجانب سے پاکستان چوک تا اچھرہ بازار یوم تشکر مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تاجر، وکلاء، طلباء، سول سوسائٹی نے بھرپورشرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پاکستان کو اسلحے کے گھمنڈ سے زیر نہیں کیا جا سکتا۔

معرکہ حق میں تاریخی فتح پر پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ایل ڈی اے نے بھی ریلیوں کا اہتمام کیا۔ جس میں افسران اور ملازمین نے شرکت کی اور شاندار فتح پر کیک کاٹا۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی LCWU میں یومِ تشکر کی مناسبت سے پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

برسلز: پاکستانی کمیونٹی کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی جارحیت کیخلاف پُرامن احتجاج

یورپی یونین کے مرکز برسلز میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے ”معرکۂ حق“ اور آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں مراکش، الجزائر، ترکی، تیونس سمیت دیگر اسلامی ممالک کے نوجوانوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور پاکستان سے اپنی محبت کا والہانہ اظہار کیا۔

یورپی پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے کا مقصد افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار اور بھارت کی حالیہ جارحیت و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔

شرکاء نے پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان جیسے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، مگر ہماری خاموشی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی حالیہ کامیاب حکمت عملی اور دشمن کو مؤثر جواب دینے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

یوم تشکر پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں، پرچم کشائی

یوم تشکر کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ریلیاں اور پرچم کشائی کی گئی۔ فضا پاک فوج زندہ باد کے نعروں سےگونج اٹھی، شہر شہر گلی گلی سبز ہلالی پرچم کی بہارآ گئی۔

میر پور آزاد کشمیر میں پرچم کشائی کی، پروقارتقریب منعقد، قومی ترانے بجائے گئے۔ مظفر آباد میں طلبہ نے ریلی نکال کر مصور پاکستان علامہ اقبال کا کلام پیش کیا۔

گلگت بلتستان اور باغ میں بھی ریلی نکالی گئی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے پرچم کشائی کی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔

کرک میں سرکٹ ہاؤس اورہری پورمیں سینٹرل جیل میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈیرہ بگٹی سوئی میں فتح کا جشن منایا گیا، کوہلو میں بھی ریلی نکالی گئی۔ حب میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے گئے۔

مری میں اسکول کے بچوں نے سبزہلالی پرچم اٹھا کر پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ننکانہ صاحب، ملتان، شرقپورشریف، خان پور، ٹیکسلا میں بھی ریلیاں، لودھراں میں پولیس اورریسکیو کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا۔

کندھ کوٹ میں ریلی اور لاڑکانہ میں پرچم کشائی کی تقریبات میں مٹھائی تقسیم کی گئی، حیدرآباد، جامشورو، نوشہرو فیروز اور ٹھل سمیت دیگرشہروں میں بھی عوام نےمعرکہ حق کی کامیابی پرجشن منایا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا کر دنیا میں ملک کا نام روشن کر دیا۔

اسلام آباد

India Pakistan War

Pakistan India Clash 2025

Operation Bunyan Morsoos

Operation Bunyan Um Marsoos

Bunyan al marsous

Yom E fateh

Bunyan um Marsoos

youm e tashakur

BUNYAN MARSUS