Aaj News

بھارتی جارحیت کے بعد ملک بھر میں صحت ایمرجنسی نافذ

گرئنڈ ہیلتھ الائنس نے بھی پنجاب میں جاری 3 ہفتوں سے ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان کر دیا
اپ ڈیٹ 07 مئ 2025 11:47pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد وزارتِ صحت نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے وفاق کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب گرئنڈ ہیلتھ الائنس نے بھی پنجاب میں جاری 3 ہفتوں سے ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان کی اولین ترجیح عوام کی صحت کا تحفظ ہے۔ اس تناظر میں تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، اور تمام طبی عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ صحت میں 24/7 ایمرجنسی کوئیک ریسپانس سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو جنگی حالات سے متعلق فوری ردعمل کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کے مطابق تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز سے براہِ راست رابطے کا مربوط نظام بھی قائم کیا جا چکا ہے تاکہ صحت کے شعبے میں فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر کے اسپتالوں میں بھی ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو فوری مراسلہ جاری کرتے ہوئے ”ایمرجنسی ہیلتھ الرٹ“ جاری کرنے کی سفارش کی ہے، جس کے تحت تمام سرکاری و نجی طبی مراکز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف اسپتالوں کے دورے کیے تاکہ ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں طبی سہولیات اور تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق پمز، پولی کلینک، سی ڈی اے اسپتال سمیت دیگر اہم طبی مراکز میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی اسپتالوں میں بھی حفاظتی اور طبی انتظامات کو چیک کیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے اسپتالوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور ان پر زور دیا کہ وہ تمام ضروری طبی سہولیات، اسٹاف کی دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کو یقینی بنائیں۔ ڈی سی عرفان میمن نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد کے تمام اسپتالوں کو مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔

گرئنڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب میں جاری 3 ہفتوں سے ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان

لاہور کے سروسز ہسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب کا کہنا تھا کہ بھارت کے رات کی تاریکی میں حملے کی وجہ سے وہ اپنی فوج کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تین ہفتے سے زائد پر چلنے والے احتجاج اور دھرنے کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے تمام ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے وہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گئے۔

صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی نمبر ون ہے۔ جس طرح کا پاک فوج نے جواب دیا پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ وہ اسپتالوں میں الرٹ کھڑے ہیں۔ اگر پاک فوج کا حکم ہوا تو بارڈز پر بھی پہنچنے کو تیار ہیں۔ جب ایمرجنسی کی صورتحال ختم ہوئی تو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے پھر سے احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

اس سے قبل گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب نے اسپتالوں میں ان ڈور سروسز فوری بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حرکت کی ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جس سے قیمتی جانوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔

بھارتی حملے کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب اور اسلام آباد میں فول پروف اقدامات

ڈاکٹر سلمان حسیب نے واضح کیا کہ شعبہ طب اس وقت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وارڈز اور ان ڈورز میں فوری طور پر طبی خدمات کا آغاز کیا جا رہا ہے اور زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر آپریشنز شروع کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد اور پنجاب میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے

انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور، مظفرآباد اور مریدکے میں ینگ ڈاکٹرز کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ وہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی خدمات فراہم کریں۔

security forces

Young Doctors

High Alert

punjab hospitals

Pakistan India Clash 2025