Aaj News

کراچی : گلشن حدید میں مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی

کورنگی کراسنگ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔
اپ ڈیٹ 02 مئ 2025 11:19pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

کراچی میں گلشن حدید کے قریب لنک روڈ پر مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور 25 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ گلشن حدید کے قریب لنک روڈ پر پیش آیا جہاں مسافر بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 مسافر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خاتون اور 2 مرد شامل ہیں، جن کی شناخت 35 سالہ کوثر سعید، 59 سالہ عبدالغفور، 25 سالہ غلام فرید اور 60 سالہ پنا محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی میں ٹریفک حادثات نہ تھم سکا، مختلف واقعات میں 4 زندگیوں کے چراغ گل ہو گئے

ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جناح اور نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثے پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ پولیس نے شواہد جمع کر کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واقعے کے بعد لنک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے راستہ بحال کر دیا گیا۔

کورنگی کراسنگ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی

کراچی میں کورنگی کراسنگ کے قریب افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 40 سالہ ریحانہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ موٹرسائیکل چلانے والا شخص واقعے میں محفوظ رہا۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، جبکہ ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرارہو گیا۔ عوام نے ٹینکر کے کلینر کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کلینر اور متوفیہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بعدازاں، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکر ڈرائیور اللہ داد کو گرفتار کر لیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔

ملزم اللہ داد حادثہ ہوتے ہی موقع سے فرار ہوگیا تھا، عوام نے کلینر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

karachi

traffic accident

Gulshan Hadeed

Karachi Heavy Traffic Accidents