سانحہ گُل پلازہ کو پانچواں روز، دوسری اور تیسری منزل پر پھنسے افراد کی تلاش جاری
گُل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو گئی ہے جبکہ 85 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امدادی ٹیمیں عمارت کے اندر داخل ہو چکی ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
کراچی کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گُل پلازہ میں لگنے والی آگ پانچویں روز میں داخل ہو گئی، تاہم آگ تاحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں مسلسل مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جاوید کھوسو کے مطابق گل پلازہ کی پہلی منزل کے بعد اب دوسری اور تیسری منزل پر عمارت میں پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عمارت کا 40 فیصد حصہ گر چکا ہے اور باقی عمارت بھی انتہائی مخدوش ہوچکی ہے، چھت پر کھڑی گاڑیوں کو کرین کی مدد سے نیچے اُتار لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد میں سے 39 کی آخری لوکیشن گل پلازہ تھی جب کہ ناقابلِ شناخت لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے ملبے کو ہٹانے اور ممکنہ طور پر نیچے دبے افراد تک رسائی کے لیے مطلوبہ تعداد میں افرادی قوت دستیاب نہیں، جس کے باعث آپریشن مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھ پارہا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بھاری مشینری اور ریسکیو گاڑیاں گزشتہ چار گھنٹوں سے بند پڑی ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویش ناک ہوتی جارہی ہے۔
عینی شاہدین اور متاثرہ خاندانوں نے ریسکیو آپریشن میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اضافی نفری اور جدید مشینری فراہم کی جائے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 14 لاشوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور 8 لاشوں کی شناخت مکمل ہوچکی ہے۔ کئی لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں، دو لاشوں کی قومی شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے تصدیق ہوئی ہے۔
ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ لواحقین میں سے 51 افراد کے ڈی این اے نمونے بھی حاصل کیے جا چکے ہیں تاکہ لاشوں کی درست اور حتمی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈی این اے سیمپلز سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جب کہ مزید تصدیق اور تجزیے کے لیے جامعہ کراچی کے ’آئی سی سی بی ایس‘ کو بھی سیمپلز ارسال کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق کچھ باقیات اب بھی موجود ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ باقیات کی شناخت کا عمل آج مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق شناختی عمل مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے سے قانونی کارروائی اور لاشوں کی حوالگی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا، جب کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔