یو اے ای کے صدر پہلے سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ان کی صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ دورے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں تعطیل جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔ بطور صدر یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی استحکام پر تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر گفتگو کی جائے گی۔
اسلام آباد میں معزز مہمان کے شایانِ شان استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شہر کو قومی پرچموں، یو اے ای کے پرچموں، پھولوں اور قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ اہم عمارتوں شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوانِ صدر کو خصوصی طور پر آرائش دی گئی ہے۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا اور پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیارے فضائی سلامی پیش کریں گے۔ شہر بھر میں خیرمقدمی بینرز اور تصاویر آویزاں ہیں جن پر پاکستانی قیادت اور اماراتی صدر کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔
دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 6 بجے سے رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں آج تعطیل ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت ڈسٹرکٹ کورٹس بند رہیں گی۔ تاہم بینکس، میٹروکارپوریشن سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور گیس دفاتر حسبِ معمول کھلے رہیں گے۔
سرکاری سطح پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اس دورے کو دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔