Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2025 11:57pm

لاہور سمیت پنجاب میں طوفانی بارش: چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 32 افراد جاں بحق

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 32 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لاہور میں چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت 16 افراد جان سے گئے۔ فیصل آباد اور رائے ونڈ میں چار، چار افراد جاں بحق ہوئے۔ پاکپتن میں دو کمسن بچیاں ڈوب گئیں، جبکہ شیخوپورہ، شاہ کوٹ، عارف والا، ننکانہ صاحب، بورے والا اور اوکاڑہ میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں بتیس افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جان سے گئے۔

ٹھوکر نیاز بیگ کے نواحی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد، مومن پورہ میں 3 افراد، اور مشن کالونی و کوٹ جمال میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔

فیصل آباد میں چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں میاں بیوی اور ماں بیٹا چل بسے۔ رائیونڈ، شیخوپورہ، شاہ کوٹ، عارف والا، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور بورے والا سمیت مختلف علاقوں میں بھی جان لیوا حادثات پیش آئے۔

رپورٹس کے مطابق قصور، رینالہ خورد اور دیگر شہروں میں بھی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے باعث زخمیوں کی بڑی تعداد اسپتالوں میں منتقل کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سیکٹر ایف سیون مرکز بھٹائی روڈ پر درخت گاڑیوں پر جا گرا۔ دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راستہ بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب ، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں وقفے وقفے سے بارش

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 234 ملی میٹر بارش شیخوپورہ میں ریکارڈ کی گئی۔منڈی بہاؤالدین میں 168، حافظ آباد 127، لاہور ایئرپورٹ 120 اور شہر میں 76 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دیگر متاثرہ علاقوں میں جہلم، قصور، گوجرانوالہ، منگلا، ساہیوال، سیالکوٹ، چکوال، فیصل آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی شامل ہیں۔

Read Comments