سعودی دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملے

حملے کے وقت سفارت خانے کی عمارت خالی تھی، محدود آگ اور عمارت کو معمولی نقصان پہنچا: خبر ایجنسی
شائع 03 مارچ 2026 08:05am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارت خانے کو دو ڈرونز نے نشانہ بنایا ہے۔ سعودی وزارتِ دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سعودی وزارتِ دفاع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل کی صبح ریاض میں واقع امریکی سفارت خانے پر دو ڈرونز سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد سفارتی کمپاؤنڈ میں آگ بھڑک اٹھی۔

بیان کے مطابق حملے کے بعد لگنے والی آگ محدود پیمانے کی تھی اور عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حملے کے بعد ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جہاں مختلف ممالک کے سفارتی مشن قائم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی اور سفارت خانے کی عمارت سے شعلے بلند ہوتے دیکھے۔

رائٹرز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ حملے کے وقت سفارت خانے کی عمارت خالی تھی اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

منگل کے روز امریکی سفارت خانے نے ریاض، جدہ اور ظہران میں موجود امریکی شہریوں کو ’شیلٹر اِن پلیس‘ رہنے کی ہدایت جاری کی۔

سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم امریکی شہری محفوظ مقامات پر محصور رہیں اور مزید اطلاع تک سفارت خانے کا رخ نہ کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی مشن خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاض سمیت ملحقہ علاقوں میں 8 ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا گیا ہے۔