آپریشن غضب للحق: پاک فوج کا طالبان کی مرکزی پوسٹ پر کنٹرول، ویڈیو منظر عام پر آگئی

پاک فوج نے بھرپور کارروائی کے دوران افغان طالبان کے کمپاؤنڈز کلیئر کر کے دشمن کے جھنڈے اتار دیے
شائع 01 مارچ 2026 03:37pm

آپریشن غضب للحق جاری ہے جب کہ  افغان طالبان مرکز پوسٹ پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا پاک فوج  موثر جواب دے رہی ہے،  28 فروری 2026 کو دن کی روشنی میں بہادر پاکستانی جوانوں کی افغانستان میں داخل ہونے کی خصوصی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ  پاکستانی فوجی جوانوں نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ سرحدی باڑ عبور کی اور تیزی سے افغان طالبان کی مرکز  پوسٹ کی جانب پیش قدمی کی، پاکستانی فورسز کو دیکھتے ہی  افغان طالبان فرار ہونے لگے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر جوابی کاروائی کرتے ہوئے افغان طالبان مرکز پوسٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا، پاک  فوج نے بھرپور کارروائی کے دوران افغان طالبان کے کمپاؤنڈز کلیئر کر کے دشمن کے جھنڈے اتار دیے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ جمعرات کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔ پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اورکابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔

اتوار کو وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کیں، جس کے مطابق اب تک آپریشن میں 352 افغان اہلکار مارے جا چکے ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 535 سے زائد ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ افغانستان کی 130 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں اور پاکستان نے 26 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جب کہ افغان طالبان کے 171 ٹینک اور آرمڈ وہیکلز بھی اس آپریشن میں تباہ کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ افغانستان کے 41 مقامات کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔