ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
جمعے کو کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز میں تیز رفتار بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 64 رنز بنائے لیکن پھر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد ٹیم کو توازن بحال کرنا پڑا۔
ٹم سائفرٹ نے 35 رنز اور فِن ایلن نے 29 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں جب کہ گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ راچن رویندرا 11 رنز بنا کر ریحان احمد کا نشانہ بنے۔
اس کے علاوہ مارک چیپمین 15 رنز، ڈیرل مِچل 3 رنز اور کپتان میچل سینٹر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کول میک کونچی نے 14 رنز کی مدد سے ٹیم کو آخری اوور تک ہدف کے قریب پہنچایا۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، ول جیکس اور ریحان احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لیام ڈاوسن نے بھی ایک وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا۔
میچ کا ٹاس
کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 49 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ سیمی فائنل کی دوڑ میں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شائقین کرکٹ کی نظریں اس مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، انگلش ٹیم کی کامیابی گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید کو زندہ رکھے گی۔ نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے میچ جیتنا لازمی ہے اور کیویز کی جیت کے ساتھ ہی پاکستان کا میگا ایونٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم 2 کامیابیوں کے ساتھ پہلے ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر چکی ہے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انگلینڈ کی کامیابی پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی امید کی کرن ہوگی۔
ابھی نیوز ی لینڈ کے 2 میچز میں 3 پوائنٹس ہیں اور اسے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے مزید ایک پوائنٹ کی ضرورت ہے، اگر نیوزی لینڈ آج کا میچ جیتا تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن اس کی شکست پاکستان کے لیے ایک موقع ہوگا۔
پاکستان کے 2 میچز کے بعد ایک پوائنٹ ہے، اس کو کل سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے، جس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ میں سے بہتر رن ریٹ والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکے گی لیکن یہ اسی صورت ہوگا جب آج انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے۔
دوسری جانب کل سپر ایٹ مرحلے کا 50 واں میچ پالے کیلے میں کھیلا جائے گا، جہاں سری لنکا اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلہ گروپ کی صورت حال واضح کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جب کہ دونوں ٹیمیں فتح کے ذریعے سیمی فائنل کی امیدیں روشن رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
















