بھارتی شہری نے اپنی اہلیہ سربجیت کور کے پاکستان میں نکاح کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
بھارت کے ایک شہری کرنیل سنگھ نے پاکستان آنے کے بعد اسلام قبول کرکے شادی کرنے والی اپنی اہلیہ سربجیت کور (نور فاطمہ) کے پاکستانی شہری سے نکاح کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
کرنیل سنگھ نے اس قانونی چارہ جوئی کے لیے پاکستان میں سابق رکن صوبائی اسمبلی مہندر پال سنگھ کو اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے اور ان کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ان کی اہلیہ گزشتہ سال نومبر میں دس روزہ یاتری ویزے پر پاکستان آئی تھیں۔
درخواست گزار کا الزام ہے کہ ان کی اہلیہ کو چند قابل اعتراض تصاویر کے ذریعے بلیک میل کیا گیا اور پھر دباؤ ڈال کر زبردستی مذہب تبدیل کروایا گیا، جس کے بعد ان کا نکاح ایک پاکستانی شہری سے کر دیا گیا۔
درخواست میں مزید یہ نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ ہندو میرج ایکٹ کے مطابق محض مذہب کی تبدیلی سے پہلی شادی ختم نہیں ہوتی۔
کرنیل سنگھ کا دعویٰ ہے کہ نور فاطمہ نے نکاح نامے میں خود کو طلاق یافتہ ظاہر کیا ہے جو کہ سراسر جھوٹ ہے کیونکہ ان کے پاس طلاق کی کوئی عدالتی ڈگری موجود نہیں۔
اس بنیاد پر عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سربجیت کور عرف نور فاطمہ کا نکاح کالعدم قرار دیا جائے اور ویزے کی مدت ختم ہونے پر انہیں فوری طور پر ڈی پورٹ کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔
اس کے ساتھ ہی ان کے پاکستانی شوہر کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر بلیک میلنگ کے ذریعے یہ شادی کی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اس درخواست پر کچھ قانونی اعتراضات بھی عائد کیے ہیں۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے جو پاور آف اٹارنی جمع کرایا ہے وہ محکمہ خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں ہے اور نکاح کی منسوخی کے لیے براہ راست ہائی کورٹ کے بجائے متعلقہ نچلے فورم سے رجوع نہیں کیا گیا۔
ان اعتراضات کے باوجود جسٹس فاروق حیدر نے اس کیس کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا یہ درخواست مزید کارروائی کے لیے قابل قبول ہے یا نہیں۔
سربجیت کور چار نومبر کو سکھ یاتریوں کے ایک جتھے کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں تاکہ گرو نانک دیو کے 555ویں جنم دن کی تقریب پراکاش پرَو میں شرکت کر سکیں۔ ان کا ویزا 13 نومبر 2025 تک کارآمد تھا، لیکن ویزے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود وہ واپس بھارت نہیں گئیں اور اسی دوران ننکانہ صاحب کے رہائشی ناصر حسین سے شادی کر لی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سربجیت کور پہلے سے طلاق یافتہ تھیں اور ان کے دو بیٹے ہیں، جن کے والد کرنیل سنگھ ہیں اور وہ گزشتہ تین دہائیوں سے انگلینڈ میں مقیم ہیں۔















