اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

گزشتہ روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
شائع 21 فروری 2026 10:14am

اسلام آباد، اٹک اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز برہان سے تقریباً 11 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی 14 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی۔

جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور محفوظ مقامات کی تلاش شروع کر دی۔ کئی علاقوں میں شہریوں نے کھلے میدانوں اور سڑکوں کا رخ کیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی۔

اس سے ایک روز قبل بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلہ افطاری کے وقت آیا، لوگ روزہ افطار کرنے کی تیاری میں مصروف تھے کہ اچانک زمین لرز اٹھی۔

اس زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی گہرائی 73 کلومیٹر زیر زمین تھی اور مرکز ہندوکش ریجن افغانستان بتایا گیا تھا۔

گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے جھٹکے سوات، مردان، لوئر دیر، ملاکنڈ، چترال، خیبر، باڑہ، جمرود، لنڈی کوتل اور تیراہ سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ سرگودھا اور اس کے گردونواح میں بھی لوگوں نے زلزلے کی شدت کو محسوس کیا۔

جھٹکوں کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کچھ دیر تک کھلے مقامات پر موجود رہے۔

حکام کے مطابق دونوں زلزلوں کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال کی نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے۔

اب تک کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خطے میں زلزلے آنا غیر معمولی بات نہیں کیونکہ یہ علاقہ جغرافیائی طور پر زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔