ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر 8 میں پاکستان کا کب اور کون سی ٹیموں سے مقابلہ ہوگا؟

سپر ایٹ مرحلے کا آغاز 21 فروری سے ہوگا۔
اپ ڈیٹ 18 فروری 2026 11:49pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

پاکستان نے اپنے آخری گروپ اے کے میچ میں نمیبیا کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی، گرین شرٹس کی نمیبیا کے خلاف شاندار فتح کے بعد سپر ایٹ مرحلے کی تمام 8 ٹیمیں فائنل ہوگئیں۔

گروپ اے سے پاکستان اور بھارت، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جب کہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

سپر 8 مرحلے میں پاکستان کو سخت مقابلوں کا سامنا ہوگا، جہاں اس کا پہلا میچ 21 فروری کو نیوزی لینڈ  کے خلاف ہوگا، قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 24 فروری کو انگلینڈ سے کھیلے گی جب کہ تیسرے اور آخری مقابلے میں 28 فروری کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔

یہ تمام ٹیمیں سپر 8 کے اسی گروپ میں شامل ہیں، جس کے باعث مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے جب کہ سپر ایٹ کے پہلے گروپ میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے تمام ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے متوقع ہیں جب کہ شائقین کرکٹ کی نظریں پاکستان کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔

پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنے تین مقابلوں میں سے کم سے کم دو مقابلے جتنے ہوں گے۔