بابر اعظم 2021 کے بعد سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک بھی چھکا لگانے میں ناکام
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی خراب کارکردگی کے بعد ان کی ایک اور خامی سامنے آئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم 2021 کے بعد سے 1 بھی چھکا نہیں لگا سکے ہیں۔
آئی سی سی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی شکست کے بعد قومی ٹیم پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ بابر اعظم کی پرفارمنس پر بھی کافی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بعض سابق کھلاڑی اُنہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کے مشورے بھی دے رہے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے گئے اہم مقابلے میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے اور بعد ازاں قومی کرکٹ ٹیم کو 61 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی شدید تنقید کی زد میں ہے، جہاں ایک بار پھر ٹاپ آرڈر دباؤ کا شکار نظر آیا اور 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہونے میں بھی ناکام رہے۔
کرکٹ پر تجزیہ کرنے والے مظر ارشد نے دعویٰ کیا ہے کہ بابر اعظم نے سال 2021 میں دبئی میں بھارت کے خلاف میچ کے بعد سے اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے خلاف ایک بھی چھکا نہیں لگایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئںٹی ورلڈ کپ کے میچ میں 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز نہایت مایوس کن رہا۔ صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 6 اور کپتان سلمان آغا 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم بھی صرف 5 رنز بنا سکے تھے۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔















