افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے: عاصم افتخار
اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ پاکستان میں حالیہ حملوں میں ملوث ہیں۔
عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ رواں ماہ پاکستان میں بی ایل اے اور داعش کی جانب سے بزدلانہ کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں دو دہشت گرد حملوں میں 80 بے گناہ پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے ایک مرتبہ پھر افغان سرزمین استعمال کی گئی۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد گروپس طویل عرصے سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی طالبان پر پابندیوں سے متعلق قرارداد میں واضح طور پر درج ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کو روکے اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرے۔












