پی سی بی کا فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

فیوچر اسٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا فیز ون 12 اور 13 فروری سے حیدر آباد سے شروع کیا جارہا ہے، عاقب جاوید
شائع 10 فروری 2026 05:19pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 12 اور 13 فروری کو حیدرآباد جب کہ 15 اور 16 فروری کو کراچی سے ہوگا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ فیوچر اسٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا فیز ون حیدرآباد اور کراچی سے شروع کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کا آغاز ملک کے تمام 16 ریجنز میں کیا جائے گا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ رمضان سے پہلے حیدرآباد اور کراچی میں ٹرائلز ہوں گے جب کہ رمضان کے بعد پاکستان کے دیگر ریجنز میں یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ملک بھر میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں آکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تاکہ انہیں مستقبل میں مختلف پلیٹ فارمز پر آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اوپن ٹرائلز ہیں اور ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ماضی میں بھی اس نوعیت کے پروگراموں کے ذریعے کئی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔