خیبرپختونخوا لاپتا افراد کے معاملے میں سرفہرست

اعداد و شمار کا ایک تشویشناک پہلو یہ بھی ہے کہ خیبر پختونخوا میں 88 لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔
شائع 09 فروری 2026 11:39am

پاکستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک بار پھر قومی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا وہ صوبہ ہے جہاں لاپتہ افراد کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک لاپتہ افراد کے مجموعی طور پر 3730 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 2760 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ 970 کیسز تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق صوبے میں 1804 لاپتہ افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے، جن میں سے 707 افراد کو بحفاظت ان کے گھروں تک واپس پہنچایا گیا۔

تاہم اعداد و شمار کا ایک تشویشناک پہلو یہ بھی ہے کہ خیبر پختونخوا میں 88 لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔

اگر ملک بھر کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان میں لاپتہ افراد کے کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہزار 806 تک پہنچ چکی ہے۔

پنجاب میں 1794 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 1583 نمٹا دیے گئے جبکہ 211 کیسز اب بھی زیرِ تفتیش ہیں۔

سندھ میں لاپتہ افراد کے 1868 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 1723 نمٹا دیے گئے اور 145 کیسز باقی ہیں۔

بلوچستان میں لاپتہ افراد کے 2917 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 2750 نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ 167 کیسز تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 416 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 372 نمٹائے گئے اور 44 کیسز اب بھی باقی ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق جنوری 2026 تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 9259 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں، تاہم 1547 لاپتہ افراد کے کیسز اب بھی زیرِ تفتیش ہیں۔