ٹی 20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بارش کی نذر ہونے کا خدشہ
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے سری لنکا اور بھارت میں شروع ہونے جارہا ہے، پہلے دن 3 میچز کھیلے جائیں گے۔
میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ ہفتے کو پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سری لنکا کے شہر کولمبو کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دو روز قبل پاکستان اور آئرلینڈ کا وارم اپ میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا کے ساتھ شامل ہے اور اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد پاکستان ٹیم کے لیے ایونٹ کا ہر میچ انتہائی اہم ہوگیا ہے۔
اگر پاکستان نے بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ کا بائیکاٹ کیا تو اسے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جب کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق پاکستان کے نیٹ رن ریٹ پر بھی اثر پڑے گا تاہم بھارت کے نیٹ رن ریٹ پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
اگر پاکستان کا کوئی بھی میچ میں بارش سے متاثر ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا، جو پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے گرین شرٹس کو تمام میچز لازمی جیتنا ہوں گے۔
گروپ اے میں پاکستان اپنا دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا میچ دو بار کی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کولکتہ میں کھیلا جائے گا، یہ میچ دن ڈھائی بجے شروع ہوگا جب کہ تیسرا میچ دفاعی چیمپئن بھارت اور امریکا کے درمیان شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔















