کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا: فیلڈ مارشل

دہشت گردی اور تشدد کو کسی بھی جواز کے تحت قبول نہیں کیا جا سکتا: عاصم منیر
شائع 04 فروری 2026 10:35pm

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کا مؤثر ردعمل دینے پر پاک فوج کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور تشدد کو کسی بھی جواز کے تحت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان میں مجموعی سیکیورٹی صورت حال اور داخلی سلامتی کے جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں، ان کے پسِ پردہ عوامل اور سیکیورٹی فورسز کے فوری اور جارحانہ ردعمل سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کا بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کا مذموم ایجنڈا ناکام بنا دیا گیا۔

اس موقع پر ریاستی رٹ مزید مضبوط بنانے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر امن و امان کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے، بہادری اور استقامت کو سراہتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ پہنچنے پر استقبال کیا۔