وفاق اور پنجاب کے بعد ایک صوبے نے عام تعطیل کا اعلان کردیا
وفاق اور پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بدھ کو خیبرپختونخوا حکومت نے یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر پر خیبرپختونخوا میں سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق 5 فروری کو صبح 10 بجے کشمیری شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، یوم یکجہتی کشمیر پر صوبہ بھر میں تقریبات، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات ہوں گے۔
دو روز قبل وفاقی حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 5 فروری 2026 کو یومِ کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔
اس سے قبل گزشتہ روز پنجاب حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں طویل ویک اینڈ کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں 5 فروری کو یومِ کشمیر، 6 فروری کو بسنت کی صوبائی تعطیل اور پھر ہفتہ و اتوار کی وجہ سے ایک طویل ویک اینڈ ہوگا۔
یومِ کشمیر ہر سال پاکستان میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منایا جاتا ہے، اس دن ملک بھر میں خصوصی تقاریب، سیمینارز، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔












