بسنت میں ایک دن باقی، دو دن کی چھٹی کا اعلان

پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں 6 اور 7 فروری کو دو روزہ عام تعطیل کا اعلان
شائع 04 فروری 2026 09:37am

لاہور میں بسنت کی آمد میں اب صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے اور شہر بھر میں تہوار کی رونقیں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ پتنگوں، پھولوں، رنگ برنگی لائٹس اور قدیم عمارتوں کی خوبصورت سجاوٹ نے لاہور کی فضا کو مکمل تہواری رنگ دے دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اس موقع پر دو دن کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔

اندرون شہر کی مارکیٹوں میں پتنگ اور ڈور کی خریداری زور و شور سے جاری ہے، جہاں نت نئی ڈیزائن کی پتنگیں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ بڑی شاہراہوں سے لے کر اندرون شہر تک پیلے جھنڈے، بینرز اور آرائشی لائٹس بسنت کے استقبال میں جگمگا رہی ہیں۔

تاجروں کے مطابق اب تک تقریباً 44 کروڑ روپے مالیت کی پتنگیں اور ڈور فروخت ہو چکی ہیں، جبکہ بسنت کے موقع پر خصوصی کھانوں کے مینیو بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔

بسنت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں چھ اور سات فروری کو دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ اس سے قبل پانچ فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر بھی عام تعطیل کا اعلان ہو چکا ہے، یوں پنجاب میں مسلسل تین دن تعطیلات ہوں گی۔

تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں چھتوں کی انسپکشن کا عمل جاری ہے، جس کے دوران خطرناک عمارتوں اور گھروں کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ کیمیکل ڈور پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے فیسٹیول کی نگرانی کی جائے گی۔

لاہور ایئرپورٹ سے ملحقہ پندرہ سے زائد علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بسنت خوشی، ہم آہنگی اور زندگی سے محبت کا پیغام دیتی ہے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تہوار کو ذمہ داری اور محفوظ انداز میں منائیں تاکہ خوشیاں کسی کے لیے خطرہ نہ بنیں اور یہ رنگ سب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر سکیں۔