آئی جی کے بعد سی سی پی او لاہور کی تبدیلی کا بھی امکان

نئے آئی جی اور سی سی پی او لاہور دونوں کا تعلق 24 ویں کامن سے ہے، ذرائع
شائع 03 فروری 2026 02:19pm

پنجاب میں اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلوں کی تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں۔ نئے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی تعیناتی کے بعد اب کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کی تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے آئی جی اور سی سی پی او لاہور دونوں کا تعلق 24 ویں کامن سے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نئے سی سی پی او لاہور کے ناموں پر غور کر رہی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی سمیت دیگر ناموں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سی سی پی او لاہور کی تعیناتی بھی جلد متوقع ہے۔ اسی دوران، ڈی جی ایف آئی اے کے تبادلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ رفعت مختار کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی تقرری پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کو نئی شکل دی اور عوامی خدمت اور اصلاحات کے نئے معیار قائم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کا عہدہ سنبھالتے ہی ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے اور قومی ذمہ داری کے لیے عثمان انور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق بلال صدیق کی مانہ بھی آئی جی پنجاب کی دوڑ میں شامل تھے، تاہم ڈاکٹر عثمان انور کو اس اہم عہدے پر تعینات کیا گیا۔

خیال رہے کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر عثمان انور کو تبدیل کرکے راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جب کہ عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے لگائے جانے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور کو جنوری 2023 میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔