راولپنڈی: لیبیا کے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
لیبیا کی عرب مسلح افواج کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر پہنچ چکا ہے۔ لیبیا کے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے اپنے نائب لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت پیشہ ورانہ تعاون پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے پاکستان کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔ ملاقات میں پاکستان اور لیبیا کے درمیان سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اس سے قبل نور خان ایئربیس آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی ، پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ 2011 کے بعد سے لیبیا دو انتظامی حصوں میں بٹا ہوا ہے، جہاں مغربی حصہ (طرابلس) اور مشرقی حصہ (بن غازی) الگ الگ حکومتیں اور فوج رکھتے ہیں۔
مغربی حصے میں دفاع کا انحصار مختلف ملیشیاؤں اور مسلح گروہوں کے اتحاد پر ہے۔ اس کے برعکس مشرقی اور جنوبی حصوں میں نیشنل آرمی یا ’لیبیئن عرب آرمڈ فورسز‘ (ایل این اے) ایک باقاعدہ اور مرکزی عسکری کمانڈ کے طور پر کام کرتی ہے۔ لیبیا کی پارلیمنٹ بھی اسی حصے میں موجود ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف ہیں جبکہ ان کے ہمراہ موجود لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر ان کے صاحبزادے اور فوج کے ڈپٹی کمانڈر اِنچیف ہیں جو پہلے بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔














