آسٹریلیا کے ساتھ سیریز سے ورلڈکپ کا فائنل کمبی نیشن سامنے آئے گا: سلمان آغا

عثمان طارق ورلڈکپ میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں، کپتان قومی کرکٹ ٹیم
شائع 28 جنوری 2026 03:53pm

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ پاک آسٹریلیا سیریز سے ورلڈ کپ کا فائنل کمبی نیشن سامنے آئے گا، عثمان طارق ورلڈکپ میں ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔

ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے نہایت اہم ہے اور اسی سیریز کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا فائنل کمبی نیشن واضح ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اس سیریز میں مختلف کمبی نیشنز آزما رہی ہے تاکہ بہترین امتزاج کے ساتھ ورلڈ کپ میں جایا جا سکے۔

سلمان آغا نے نوجوان کھلاڑی عثمان طارق پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج پاکستان کے لیے مثبت نتائج لا سکتا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شاہین آفریدی نئی گیند کے ساتھ کسی بھی بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

مچل مارش کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پلئنگ الیون کے حوالے سے حتمی فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔

شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ کی منتظر ہے، جبکہ دونوں ٹیمیں اس سیریز کو ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کا اہم مرحلہ قرار دے رہی ہیں۔ یہ سیریز نہ صرف شائقین کے لیے دل!چسپی کا باعث ہے بلکہ دونوں ٹیموں کے لیے اپنی طاقت اور کمزوریوں کو جانچنے کا ایک اہم موقع بھی سمجھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں حصہ لینے کیلئے 17 کھلاڑیوں پر مشتمل آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا ہے، آسٹریلوی کھلاڑی آج آرام کریں گے، سیریز کا پہلا میچ کل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا