آغا سراج درانی کے مبینہ بھانجے نے کار لفٹر پر پستول تان لی

واقعے کا مقدمہ شاپنگ مال کے ملازم کی مدعیت میں صنعتی ایریا تھانے میں درج
شائع 28 جنوری 2026 10:01am

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے باہر راستہ نہ دینے کے معاملے پر کار سوار اور ایک مبینہ کار لفٹر ڈرائیور کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ دونوں افراد کے درمیان گتھم گتھا ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ واقعہ لکی ون مال کے کنسٹرکشن گیٹ کے سامنے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق تلخ کلامی کے دوران کار سوار نے مبینہ طور پر ٹی ٹی پستول نکال کر لفٹر ڈرائیور کو دھمکیاں دیں، جس سے موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے اپنا نام خوشحال درانی بتایا اور خود کو سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کا بھانجا ظاہر کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 506 کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ اسلحے کی نمائش اور دھمکیوں کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔