ملک میں جاری برفباری سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر، کئی سڑکیں بند
ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے جاری برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے زمینی آمدورفت معطل ہو چکی ہے، جبکہ مری اور گلیات میں سیاحوں کی آمد محدود کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق خراب موسم کے پیش نظر احتیاطی اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں ریشاں لیپہ موجی روڈ پر برف میں لاپتا ہونے والے چار افراد کو شیر گلی کے مقام سے بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کے بعد ضلع غذر کی چاروں تحصیلوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ یاسین اور پھنڈر میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، جبکہ سکردو اور گردونواح میں پانچ انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ کھرمنگ، شگر اور گانچھے کی سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں جنوبی وزیرستان، اورکزئی، لوئر اور اپر دیر میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ مالم جبہ میں 37 انچ، کالام میں سات اور پاراچنار میں پانچ انچ برف پڑنے کی اطلاعات ہیں۔
سرپٹوڈنڈا میں پھنسے آٹھ افراد کو بھی ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ شاہراہ کاغان اور پارس کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک معطل ہے۔
گلیات میں ایک فٹ تک برف پڑنے سے لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں اور حکام نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔
مری میں دن بھر برفباری کا سلسلہ جاری رہا، تاہم ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے کھلا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں نو انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ میں پانچ اور قلات میں مزید دو انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ زیارت، مستونگ، کان مہترزئی اور مسلم باغ سمیت دیگر علاقوں میں بھی نظامِ زندگی متاثر ہوا ہے۔ سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی سطح تک گر گیا ہے۔
اُدھر آزاد کشمیر کے دیہی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھیڈی کے علاقے میں ایک مریض کو بند راستوں کے باعث اسٹریچر پر ڈال کر باغ اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی افراد نے سڑکوں کی بحالی، ایمبولینس سہولت اور طبی عملے کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔















