خیبرپختونخوا: بارش اور برفباری کے دوران حادثات میں سات بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے دوران حادثات میں سات بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 22 جنوری سے اب تک بارشوں اور برفباری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 22 جنوری سے شروع ہونے والی بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اب تک 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے۔ جاں بحق افراد میں 7 بچے، ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات چترال اپر، چترال لوئر، ملاکنڈ، شانگلہ اور خیبر کے اضلاع میں بارش، برفباری، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے باعث پیش آئے۔ بارشوں اور برفباری سے پانچ گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیشتر اضلاع میں بند ہونے والی شاہراہوں کو کھول دیا گیا ہے، تاہم چند بالائی علاقوں میں تاحال سڑکیں بند ہیں جنہیں کھولنے کے لیے مشینری اور ریسکیو ٹیمیں مصروفِ عمل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے، جس میں خیمے، کمبل، بستر، میٹریسس، کچن سیٹس اور دیگر ضروری اشیائے زندگی شامل ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سامان فوری طور پر متاثرین تک پہنچایا جائے اور امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔
اس کے علاوہ متاثرہ ضلع چترال لوئر کی انتظامیہ کو جاں بحق افراد کے لواحقین کو جلد مالی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔














