مری میں برفباری سے نظام زندگی متاثر، سیاحوں کا داخلہ بند، ریسکیو آپریشن جاری

مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے رابطوں میں دشواری ہے، برف میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، کمشنر راولپنڈی
شائع 23 جنوری 2026 11:52pm

مری میں ریکارڈ توڑ برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، راولپنڈی اسلام آباد سے مری کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، مری میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، شدید برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں۔ کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے رابطوں میں دشواری ہے، برف میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔

مری میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد سے مری جانے والے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

کمشنر راولپنڈی عامرخٹک کے مطابق مری میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو چکی ہیں، جس کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد سے مری کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ مری میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، برفباری کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس سے رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے۔

عامرخٹک کے مطابق برف میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود مری کی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ مری میں اب تک 2 فٹ تک برف پڑچکی ہے، ہماری تمام مشینری فیلڈ میں موجود ہے، تمام ڈیپارٹمنٹ بھی مکمل طور پر فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہونے پر مزید گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کردیا ہے۔

مری، کشمیر اورگلگت بلتستان میں شدید برفباری کے دوران پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، فوجی جوان بچوں، بزرگوں اور خواتین کو برف میں دھنسی گاڑیوں سے نکال کرمحفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں جب کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو پاک فوج کی جانب سے خوراک، طبی امداد اور گرم کمبل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مری میں بہت زیادہ برف باری ہوئی، جہاں تمام ہوٹل بھر چکے ہیں، مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیاں داخل ہوگئیں جب کہ مزید گاڑیوں کے داخلے کی گنجائش نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے سیاحوں کو مری کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مری میں سیاحوں کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے، مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد پہلے سے موجود ہے، التماس ہے شہری مری کے سفر سے اجتناب کریں۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری گلیات و گردونواح میں 18 انچ تک برف باری پڑنے کے بعد سیاحوں کے لیے احتیاطی تدابیر کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے 26 سے 27 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کردی جب کہ 26 اور 27 جنوری کے دوران مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش ہو گی۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں، مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مری جانے والے داخلی رستے تاحال بند ہیں، اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس نے مری جانے والے سیاحوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری کے دونوں داخلی راستے تاحال بند ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مری جانے والے دونوں داخلی راستوں پر تاحال بندش برقرار ہے، جس کے باعث ان راستوں پر ڈائیورشنز لگا دی گئی ہیں اور ٹریفک کو واپس موڑا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ صورتحال کے مطابق فی الحال راستے کھلنے کا کوئی چانس نہیں تاہم جیسے ہی سڑکوں کو کھولا گیا اس حوالے سے شہریوں کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مری کی جانب سفر نہ کریں اور غیر ضروری مشکلات سے بچنے کے لیے جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں۔

پارا چنار میں 14 انچ برف پڑنے سے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

قبل ازیں پارا چنار میں 14 انچ برف پڑنے سے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ وسطی اور بالائی کرم میں ڈھائی فٹ سے زیادہ برف پڑچکی ہے۔ اس کے علاوہ اسکردو میں برف باری کے بعد وادی کے نظارے دلفریب ہوگئے، سیاحوں اور مقامی نوجوان بڑی تعداد میں نکل آئے۔

وادی تیراہ میں پاک فوج نے 60 شہریوں کو ریسکیو کرلیا

ضلع خیبر کی تحصیل وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  100 کے قریب گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں، جہاں سے 60 افراد اور 25 گاڑیاں ریسکیو کرلی گئیں۔ پاک فوج نے پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کرلیا۔

پاک فوج کے جوان ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں، ریسکیو آپریشن میں 23 گاڑیوں اور بھاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے جب کہ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ سے ٹیمیں طلب کرلی گئیں۔

کرک کے دور افتادہ علاقوں میں 80 سال بعد برف باری ہوئی، گرگری اور بشی میں تقریباً 3 انچ تک برف پڑی، جہاں پارہ منفی 4 تک گرگیا ہے۔ آزاد کشمیر میں برف باری سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، جہاں وادیاں اور چوٹیاں برف سے ڈھک گئیں۔

آزاد کشمیر میں بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، گلگت بلتستان میں بارش و برف باری سے شاہراہ قراقرم اور گلگت اسکردو روڈ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگیا۔

کراچی میں جاڑے نے دھوم مچا دی ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت 4 ڈگری محسوس کی گئی۔

مری میں شدید برف باری کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، مری کے اندر موجود 5 ہزار گاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔