سی سی ڈی پر جعلی مقابلوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، پنجاب پولیس کا دعویٰ

پنجاب پولیس نے سی سی ڈی پر جعلی مقابلوں کے تمام الزامات بے بنیاد قرار دے دیے۔
شائع 22 جنوری 2026 07:24pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر جمع کرائی گئی تحریری رپورٹ میں پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پر جعلی پولیس مقابلوں کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

پنجاب پولیس نے سی سی ڈی پر جعلی پولیس مقابلوں کے الزامات مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد ڈکیتی، چوری، قتل اور راہزنی کی وارداتوں میں واضح کمی آئی ہے۔

لاہورہائی کورٹ کے حکم پر سی سی ڈی کے جعلی پولیس مقابلوں سے متعلق تحریری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سات ماہ میں سی سی ڈی کی کارروائیوں سے پراپرٹی سے متعلق جرائم میں 64 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈکیتی اور قتل کے واقعات میں 60 فیصد، ڈکیتی کے کیسز میں 69 فیصد، راہزنی کے واقعات میں 62 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی آپریشنز میں ایک سب انسپکٹر شہید اور 96 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جب کہ سی سی ڈی نے کیٹیگری اے کے مفرور اور ہیڈ منی ملزمان کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں ڈکیتی کے 792، 2025 میں 324 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ راہزنی کے واقعات 41 ہزار سے کم ہو کر 18 ہزار 608 رہ گئے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی سی ڈی پر الزامات سوشل میڈیا افواہوں پر مبنی ہیں اور ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ سی سی ڈی تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کرتی ہیں۔

پنجاب پولیس میں احتساب و ڈسپلن کا مضبوط نظام موجود ہے اور کسی بھی افسر کی جانب سے خلاف ورزی پر مکمل انکوائری کے بعد سخت کارروائی ہوتی ہے۔

LHC

Cases

Lahore High Court

Punjab police

CCD Punjab