سانحہ گل پلازہ کے بعد میونسپل کمشنر کراچی کو عہدے سے ہٹادیا گیا

کراچی کے گل پلازہ میں آگ سے خستہ حال عمارت پر لگے سائن بورڈ ہٹانے کے لیے کرین طلب
اپ ڈیٹ 22 جنوری 2026 06:50pm

کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ کے بعد سندھ حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے میونسپل کمشنر کراچی افضل زیدی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جب کہ ان کی جگہ گریڈ 19 کی خاتون افسر سمیرا حسین کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

جمعرات کو چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے میونسپل کمشنر کراچی افضل زیدی کی برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق افضل زیدی کو سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 19 کی افسر سمیرا حسین کو میونسپل کمشنر کراچی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے، جو آئندہ احکامات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔

واضح رہے کہ سابق میونسپل کمشنر افضل زیدی 30 نومبر کو 3 سالہ ابراھیم کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر تنقید کی زد میں تھے۔

حکومت سندھ کے ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی میں بھی افضل زیدی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی۔

گل پلازہ پر لگے سائن بورڈ ہٹانے کے لئے کرین طلب

دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کے بعد آتشزدگی سے متاثرہ خستہ حال عمارت پر نصب وزنی اور دیو ہیکل سائن بورڈز ہٹانے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جس کے لیے کرین طلب کر لی گئی ہے۔

گل پلازہ میں پیش آنے والے سانحے کے بعد عمارت کی حالت کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے خستہ حال عمارت پر نصب وزنی سائن بورڈز پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ایس بی سی اے کی تجویز پر عمارت سے سائن بورڈز ہٹانے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمارت کے وہ حصے جو گرنے سے محفوظ رہے وہاں تاحال وزنی اور دیو ہیکل سائن بورڈز نصب تھے، جنہیں ہٹانے کے لیے کرین طلب کی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

گل پلازہ کو ریسکیو آپریش کے بعد منہدم کرنے کی سفارش

ادھر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے آگ سے متاثرہ گُل پلازہ  کو مخدوش قرار دے دیا ہے۔

جمعرات کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے گل پلازہ کا دورہ کیا ہے۔

دوے کے بعد  تکنیکی کمیٹی نے گل پلازہ کو مخدوش قرار دے دیا جب کہ کمیٹی نے سفارش کی کہ گل پلازہ کو ریسکیو آپریشن کے بعد گرادیا جائے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ 8124 گز اور 1102 دکانوں پر مشتمل پلازہ ہے، گل پلازہ میں ہفتے کی شب 10 بجے آگ لگنے کے بعد پورا پلازہ جل گیا تھا۔

ایس بی سی اے نے بتایا کہ گل پلازہ سے متصل عمارتوں کا بھی معائنہ کیا گیا ہے۔

Karachi Fire

Gul Plaza Fire

Karachi Fire Incidents

Gul Plaza

gul plaza incident

Gul Plaza Latest Updates

municipal

commissioner

afzal

zaidi