وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دے دی

تقسیم سے ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور میونسپل نظام الگ ہو گا، ذرائع
شائع 21 جنوری 2026 01:51pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے بڑے فیصلے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بسنت کے بعد لاہور کی انتظامی ری اسٹرکچرنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد بڑھتے ہوئے انتظامی دباؤ کو کم کرنا اور شہری گورننس کو مؤثر بنانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے ڈپٹی کمشنرز، پولیس انتظامیہ اور میونسپل نظام الگ الگ ہو جائے گا، جس سے ٹریفک، تجاوزات، بلدیاتی مسائل اور عوامی شکایات کے فوری ازالے میں مدد ملے گی۔ نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت سروس ڈلیوری کو تیز، مؤثر اور عوام کے قریب لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ محکموں کو فوری طور پر تیاری مکمل کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ 9 فروری کو لاہور کی تقسیم کے حوالے سے فالو اپ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کی تقسیم کو شہری گورننس اصلاحات کا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور یہ فیصلہ کسی سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ خالصتاً انتظامی ضرورت کے تحت کیا گیا ہے۔ دو اضلاع کے قیام سے انتظامی امور میں بہتری، عوامی شکایات کے بروقت حل اور بہتر حکمرانی ممکن ہو سکے گی۔

cm punjab

lahore

Districts

CM Punjab Maryam Nawaz