گُل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ملحقہ رمپا پلازہ غیر محفوظ قرار

ایس بی سی اے نے نقصان زدہ حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد، دکانداروں اور انتظامیہ کو نوٹس جاری
اپ ڈیٹ 21 جنوری 2026 11:22am

کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد اس سے ملحقہ رمپا پلازہ کو بھی غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مطابق آگ کے باعث رمپا پلازہ کے ساختی ستون شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کے پیشِ نظر عمارت کے نقصان زدہ اور خطرناک حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ایس بی سی اے نے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عمارت میں کسی قسم کی سرگرمی بغیر اجازت جاری نہ رکھی جائے۔

حکام کے مطابق تمام مرمتی اور بحالی کا کام صرف مستند اسٹرکچرل انجینئر کی نگرانی میں کیا جائے گا، جبکہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے عمارت کو محفوظ قرار دیے جانے تک اس کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔

ایس بی سی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور اگر کسی نے اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی سرگرمی جاری رکھی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔

دوسری جانب گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو چکی ہے، جن میں سے 11 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 17 افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اب بھی 85 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

فائر آفیسر کے مطابق کولنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور دھواں بھی ختم ہو چکا ہے۔ تمام اوپن ایریاز میں سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم وہاں سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔

مئیر کراچی کا دعویٰ ہے کہ اب تک 70 فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ عمارت کے مخدوش حصوں میں ریسکیو آپریشن کا آغاز آج کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق گل پلازہ کے ساتھ ساتھ رمپا پلازہ کے کچھ حصوں میں بھی آج سرچ آپریشن کیا جائے گا، تاکہ کسی ممکنہ خطرے یا جانی نقصان کا مکمل طور پر ازالہ کیا جا سکے۔

mayor karachi

SBCA

Karachi Fire

unsafe

Gul Plaza Fire

Rampa Plaza